تنظیم بریلوی علمائے اہل سنت کے زیر اہتمام چمن گنج میں عرس مفسر اعظم ہند منعقد

 کانپور 19 ستمبر:حضور مفسر اعظم ہند والد تاج الشریعہ حضرت علامہ محمد ابراہیم رضا خاں بریلوی علیہ الرحمہ کے تاریخ وصال پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تنظیم بریلوی علمائے اہل سنت کے زیر اہتمام چمن گنج میں فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا اس موقع پر تنظیم کے صدر حافظ و قاری سید محمد فیصل جعفری نے کہا کہ حضور مفسر اعظم ہند علیہ الرحمہ کی ولادت با سعادت 10 ربیع الثانی 1325 ہجری کو بریلی شریف میں ہوئی آپکا عقیقہ محمد نام پر ہوا اور آپکا یہ نام سرکار اعلیٰ حضرت نے رکھا والد ماجد نے دین حنیف کی طرف نسبت کرتے ہوئے آپکا نام ابراہیم رضا تجویز فرمایا جبکہ دادی جان نے پکارنے کا نام جیلانی میاں رکھا اور لقب مفسر اعظم ہند قرار پایا سرکار اعلیٰ حضرت نے آپکے عقیقہ پر شاہانہ طور پر اہتمام فرمایا اور اقارب کے علاوہ دار العلوم منظر اسلام کے تمام اساتذہ و طلبہ کو بھی عام دعوت دی اور ناظم متبخ (کھانے کھلانے کا انتظام جس کے ہاتھ ہو) کو خاص ہدایت فرمائی کہ جن شہروں کے طلبہ یہاں موجود ہیں انھیں انکی خواہش کے مطابق کھانا کھلایا جائے ناظم متبخ نے ہندوستانی طلبہ کیلئے ہندوستانی کھانا اور جو طلبہ جہاں کے تھے انکے لئے وہاں کے کھانے کا انتظام کیا خاندانی دستور کے مطابق جب مفسر اعظم کی عمر 4 سال 4 ماہ ہوئی تو 14 شعبان بروز جمعرات 1329 ہجری کو سرکار اعلیٰ حضرت نے خاندان و شہر کے معزز علماء و مشائخ کی موجودگی میں رسم بسم اللہ خوانی کرائی اور حاضرین میں شیرنی بھی تقسیم ہوئی جب آپکی عمر 7 سال ہوئی تو آپکو دار العلوم منظر اسلام کے اساتذہ کے حوالے کر دیا گیا 9 سال 4 ماہ کی عمر میں دار العلوم منظر اسلام کے جلسہ دستار فضیلت میں حضور حجة الاسلام حضرت علامہ حامد رضا خاں علیہ الرحمہ نے علمائے اسلام کی موجودگی میں آپکے سر پر دستار فضیلت کا تاج رکھا اور ساتھ ہی اپنی نیابت و خلافت سے بھی نوازا 12 سال تک آپ دار العلوم منظر اسلام کے نامور اساتذہ حضرات سے علوم و فنون میں مہارت حاصل کرتے رہے آپکے متعلق سرکار اعلیٰ حضرت نے ارشاد فرمایا تھا ایک وقت آئیگا جب میرا یہ بیٹا (مفسر اعظم) وہابیوں دیوبندیوں کی مخالفت میں وہ کام کریگا کہ اپنے دور میں سب سے آگے بڑھ جائیگا آپ سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ کے 42 ویں امام و شیخ طریقت ہیں آپ اپنے اسلاف کرام کے کامل نمونہ اور عوام کیلئے مقتدا و مشعل راہ تھے آپکا وصال 11 صفر 1385 ہجری بروز پیر صبح 7 بجے 60 سال کی عمر میں ہوا آپکا مزار مبارک خانقاہ رضویہ بریلی شریف میں ہے اس موقع پر فاتحہ خوانی ہوئی اور دعا کی گئی پھر حاضرین میں شیرنی تقسیم ہوئی شرکاء میں حافظ محمد عرفان رضا قادری،ضمیر خاں،محمد طارق،محمد تابش،محمد معین جعفری وغیرہ لوگ موجود تھے!

No comments:

Post a Comment