فتح پور۔

جمعیۃ علماء ہند کی جدید ممبر سازی مہم اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، 13فروری تک ممبرسازی ہونی ہے، اس کے بعد ضلعی، صوبائی و مرکزی جمعیۃ کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ اس سلسلے میں جمعیۃ علماء فتح پور کی جانب سے قصبہ جہان آباد اور قصبہ عالم گنج میں دو اہم نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں جمعیۃ علماء شہر کانپور کے جنرل سکریٹری اور مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور جمعیۃ علماء ہند کی اہمیت، افادیت اور اس سے وابستگی کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مولانا عبداللہ قاسمی نے دونوں جگہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے اپنی ساری مخلوق کو انسان کی خدمت کیلئے پیدا کیا ہے جبکہ انسان کو اپنی بندگی کیلئے خاص فرمایا ہے۔ اس دنیا میں انسان کا بنیادی مقصد اللہ کو راضی کرنا ہے اور تمام انسانیت کی ہمدردی اور ان کو فائدہ پہنچانا اللہ کی رضا کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہی وجہ ہے قرآن کریم کی بے شمار آیات اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بے شمار روایات میں لوگوں کی مدد، ان کی خیرخواہی اور خدمت خلق کی بڑی اہمیت اور فضیلت وارد ہوئی ہے۔ شریعت اسلامیہ کی انہیں تعلیمات کو سامنے رکھ کر تمام مخلوق کی بھلائی اور خیرخواہی کے جذبہ کے تحت جمعیۃ علماء ہند کا قیام عمل میں آیا تھا اور بفضل خداوندی اول روز سے یہ جماعت ہر زمانے کے تقاضوں کو سامنے رکھ کر اپنے مقصد میں آج تک کامیاب ہے۔
مولانا نے بتلایا کہ جمعیۃ علماء ہند کا نظریہ ہے کہ سارے انسان اللہ کے بندے ہیں، مذہب کی بنیاد پر تفریق خواہ بین الاقوامی سطح پر ہو، ملکی سطح پر ہو یا سماجی سطح پر ہو، یہ اسلامی تعلیمات اور مزاجِ شریعت کے منافی ہے۔ہمیں بلاتفریقِ مذہب تمام انسانوں کی بھلائی کا حکم دیا گیا ہے، اور اسی بنیاد پر جمعیۃ علماء ہند نے مذہب کے نام پر ملک کی تقسیم پرزور مخالفت کی تھی۔ مولانا نے تاکید کے ساتھ یہ بات کہی کہ جمعیۃ علماء ہند نے اول روز سے آج تک ساری انسانیت اور ملک کی ترقی اور فلاح کی بات کی ہے، بلاتفریق مذہب ہر ظلم اور نا انصافی کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ آج بھی ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ہر ظلم اور نا نصافی کے خلاف میدان میں آئیں، ملک کے حق میں اپنے آپ کو نافع بنائیں، ملک والوں کے سامنے اپنی نافعیت ثابت کریں، نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیماتِ رحمت سے ساری دنیا کو روشناس کرائیں، پھر انشاء اللہ کوئی طاقت لاکھ کوششوں کے باوجود بھی ہمارے حوالہ سے دوسرے لوگوں کے ذہن خراب نہیں کرسکتی۔ مولانا نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی ممبرسازی مہم ہم سب کیلئے بہترین موقع ہے کہ ہم اس عظیم جماعت سے وابستہ ہوکر اپنے ملک، قوم اور تمام انسانیت کی خدمت کا جذبہ لیکر خدمت خلق سے متعلق اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں اور اللہ کے پسندیدہ بندوں میں شمار ہوکر اللہ کی رضا و خوشنودی کے مستحق بنیں۔
اس موقع پر دینی تعلیمی بورڈ کانپور کے جنرل سکریٹری مولانا انصار احمد جامعی، مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے ناظم مفتی اظہار مکرم قاسمی، مدرسہ نورالاسلام قصبہ بہوہ کے مہتمم حافظ محمد شہباز محمودی، مولانا فاروق قاسمی جہان آبادی، مولانا عبداللہ قاسمی عالم گنج، مولانا محمد یوسف، مولانا شعیب مبین مظاہری، مولانا راغب ندوی، حافظ انصار ناظم مدرسہ عالم گنج، مولانا محمد احمد، حافظ عبدالرحمن، حافظ عبدالحسیب، حافظ اکبر، اظہار،مطلوب،عبید اللہ،سعید اللہ،سیف اللہ عالم گنج،حافظ شمیم دولہا پور،پرویز بھائی فرید پور،مولانا ظفر عرف شبو کرواں،قاری عبدالوحید ناظم مدرسہ،مولانا مطلوب بندکی،مولانا یوسف امام مسجد حراء،حافظ محمد توحید ناظم مدرسہ راری،حافظ محمد توصیف حسنہ پور ریلوے،مولانا عبید اللہ حافظ محمد رئیس عتیق اللہ جگنی، حافظ زبیر پرتاب پور،ریاض الدین بریٹھی،حافظ محمد توحید ناظم مدرسہ رتوا کھیڑا، مولانا ذوالقرنین ناظم مدرسہ گڑھی کے علاوہ دیگر لوگ موجود رہے۔ 

No comments:

Post a Comment